(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) محصور شہر غزہ میں آخری اطلاعات آنے تک 70 سے زائد بچوں اور 50 سے زائد خواتین سمیت 200 سےزائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لبنان کے شہر بیروت میں اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کےسیاسی شعبے کے نائب سربراہ صالح العاروری کی شہادت کے بعد حماس کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے تمام معاہدوں اور مذاکرات کو منجمد کرنے کے اعلان کے بعد غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے غزہ میں رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں اور اسپتالوں کے اطراف بمباری میں اضافہ کیا اور چوبیس گھنٹوں کےد وران بچوں اور خواتین سمیت 200 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے شمال میں واقع خیربیت العداس میں ایک مکان پر غاصب فوج کی بمباری کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ۔فلسطینی ہلال احمر کے عملے نے غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس کے مغرب میں حماد ٹاؤن پر قابض فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والی 4 فلسطینی خواتین کی لاشیں نکال لیں۔
غاصب صیہونی فوج کے ڈرون نے وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی کیمپ میں UNRWA کے اسکول کے قریب ایک مکان پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 12 فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔
قابض طیاروں نے غزہ کی پٹی کے وسط میں نوصیرات کیمپ میں عین جالوت کے متعدد ٹاورز کو تباہ کر دیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ کیمپ پر حالیہ گھنٹوں میں شدید گولہ باری کی گئی ہے جس میں 8 بچوں اور 10 خواتین سمیت 24 فلسطینی شہید ہوئے۔
خان یونس کے جنوب میں واقع قصان النجار میں مادی خاندان کے ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے جن کو ناصر اسپتال پہنچایا گیا۔
غاصب صیہونی فورسز نے رہائشی علاقوں کو مسلسل وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا ہوا ہے جس میں آخری اطلاعات آنے تک 70 سے زائد بچوں اور 50 سے زائد خواتین سمیت 200 سےزائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں ۔