(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کی سرپرستی میں حملہ آور مسلح صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے جنوب مشرق میں واقع قصبہ قصرہ پر درجنوں مسلح صیہونی آبادکاروں نے حملہ کیا اور فلسطینیوں کی زرعی زمینوں کو آگ لگا دی۔
مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صیہونی آباد کارغیر قانونی صیہونی بستی "عیش قدیش” کے سیکیورٹی گارڈز کی حفاظتی حصارمیں حملہ آور ہوئے تھے ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی آبادکاروں نے کھیتوں اور باغوں کو آگ لگادی جس کے باعث کم سے کم 50 زیتون کے درخت جل گئے جبکہ تیارفصلیں بھی تباہ ہوگئیں، آبادکاروں نے فلسطینیوں کے گھروں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔