(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی آبادکاروں نے فوج کی موجودگی میں فلسطینی گاڑیوں اور دکانوں کی لوٹ مارکی اوردیواروں پر اشتعال انگیز نعرے لکھ کرفلسطینیوں کو لڑائی کیلیےاکسانےکی کوششیں کیں۔
اطلاعات کےمطابق گذشتہ روزمقبوضہ فلسطین کے علاقے نابلس کے جنوب میں جالود اور قصرہ کے مقام پر صہیونی غیر قانونی آبادکاروں نے فلسطینی رہائشیوں کے گھروں پرمنظم گروپ کی شکل میں حملہ کیاجس کے نتیجے میں درجنوں گھروں کے شیشے توڑ ڈالےاور املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔
مقامی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ غیر قانونی آباد کاروں کے ٹولے نے صہیونی فوج کی نگرانی میں نہتے فلسطینیوں کولاٹھیوں اور پتھروں سے زخمی کرڈالا جس کے رد عمل میں فلسطینی آبادی اور صہیونی آباد کاروں کے درمیان تصادم ہوا اور فلسطینیوں کیجانب سے بھی صہیونی شرپسندوں کو زخمی کیے جانےکی اطلاعات ہیں۔
جھڑپوں کے دوران صہیونی فوج نے فلسطینیوں کو بے بس کر نے کیلیےان پر ربر کے فائر کیے اور بھاری مقدار میں آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے باعث متعدد افراد جو گھروں میں مقیم تھے گیس کے اثرات سےسانس گھٹنے کے باعث بے ہوش ہو گئےجنہیں اپنی مدد آپکے تحت قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ عالمی ادارہ ریڈ کراس کے کارکنان نے بھی درجنوں افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کیں۔
دوسری جانب صہیونی آبادکاروں نے فوج کی موجودگی میں فلسطینی املاک جن میں گاڑیاں اور دکانیں بھی شامل ہیں کی لوٹ مار کی اور دیواروں پر اشتعال انگیز نعرے لکھ کر فلسطینیوں کو لڑائی کے لیے اکسانے کی کوششیں کیں۔