(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے ٹرک رفح راہداری کے ذریعے غزہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اس امدادی قافلے میں 20 ٹرک ہیں جو ادویہ، طبی سامان اور خوراک کی محدود مقدار لے جا رہے ہیں۔
غیرملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست کی نام نہاد افواج کی بربریت کا شکار مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں آج امدادی سامان کے 20 ٹرک رفح کراسنگ کے ذریعے شہر میں داخل ہوگئے ہیں۔
اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ان کے پاس یہ اطلاعات موجود ہیں کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے امدادی ٹرک براستہ رفاح راہداری غزہ میں داخل ہونا شروع ہوئے جس میں ادویہ، طبی سامان اور خوراک کی محدود مقدار موجود تھی۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق سات اکتوبر کو اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری کے آغاز سے رفح کراسنگ کوبند کردیا گیا ، امدادی سامان سے لدے ٹرک منتظر تھے کہ کب وہ غزہ میں داخل ہوسکیں، جہاں چار ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور بڑی تعداد میں زخمی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ حماس کے حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ شہر پر بمباری کی اور خوراک، پانی، ایندھن اور بجلی کی مکمل بندش کر دی ہے۔