(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تحریک حماس نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے صیہونی جرائم کا استقامت و مزاحمت سے مقابلہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے مسجد اقصیٰ کی تازہ صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی دشمن الاقصٰی میں یہودی مذہبی تہوارکی آڑمیں مسلمان فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں جو صہیونی جاری وحشیانہ نازی ازم اور جنگی جرائم کا واضح نمونہ ہیں جبکہ مسجد الاقصی کے دروازوں پر نہتے شہریوں خاص طور سے خواتین کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہےجسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
تحریک حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے فلسطینیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد الاقصی کی طرف جائیں اور اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے صیہونی جرائم کا استقامت و مزاحمت سے مقابلہ کریں۔
فلسطین کی تحریک حماس کے ایک اور ترجمان حازم قاسم نے بھی غاصب صیہونیوں کی جانب سے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد الاقصی اور فلسطینی قیدی, فلسطینیوں کی ریڈ لائن ہیں جن کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی انتہا پسند کابینہ نے اسلامی مقدسات کے خلاف مذہبی جنگ شروع کر رکھی ہے اور وہ ہر طرح سے مسجد الاقصی کی شناخت ختم اور اسے زمان و مکان کے اعتبار سے تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہےجس پرخاموش نہیں رہا جاسکتااور مزاحمت مسلمانوں کے اس مقدس مقام کے دفاع کا فریضہ پورا کرنے کے اپنے عزم سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔