(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سعودی عرب کی میزبانی میں جدہ شہر میں مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں رکن ممالک کے وزرائے خراجہ نے شرکت کی۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل نے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر اور اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے گھنڈر بننے والے شہر غزہ میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کے خلاف سعودی مؤقف سے آگاہ کیا اوربین الاقوامی انسانی قوانین پرعمل درآمد پر زور دیا۔
اس موقع پر شہزادہ فیصل نے پاکستانی وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے عالمی کوششوں اور غزہ پر بمباری کے دوران شہریوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ او آئی سی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسرائیل کی غزہ کے اسپتال پر بمباری ناقابل قبول ہے اسرائیلی درندگی کی شدید مذمت کی گئی اور اسے منظم ریاستی دہشتگردی اور جنگی جرم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ جنگی جرائم میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔ اعلامیہ میں فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی حمایت، حق خود ارادیت اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کے عزم پر زور دیا گیا۔