(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ناصر ہسپتال میں طبی عملے، مریضوں، زخمیوں کے علاوہ ہزاروں بے گھر وفرادبھی پناہ لیے ہوئے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی فوج کی جانب سے غزہ میں ناصر اسپتال پر یلغار کے منصوبے پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتےہوئے جاری بیان میں خبردارکیا ہے کہ غاصب صیہونی فوج خان یونس کے علاقے میں موجودناصر ہسپتال پر فوج کشی کی تیاری کررہی ہے۔ اسپتال میں طبی عملے، مریضوں، زخمیوں کے علاوہ ہزاروں بے گھر وفرادبھی پناہ لیے ہوئے ہیں، اسرائیلی یلغار سے معصوم شہریوں کا ایک بار پھر قتل عام ہوگا، حماس نے اقوام متحدہ اور تمام متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ قابض فوج کو ہسپتال پر دھاوا بولنے سے روکنے کے لیے فوری اور موثر کارروائی کریں، تاکہ کسی بھیانک قتل عام اور طبی عملے اور وہاں کے بے گھر ہونے والے لوگوں کے خلاف کیے جانے والے جرم سے بچا جا سکے۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی اپنے قانونی، انسانی اور اخلاقی فرائض اور ذمہ داریوں کے مطابق ہسپتال میں ضروری خوراک، پانی اور ادویات لانے کے لیے فوری فیلڈ ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے ناصر کمپلیکس کا کئی ہفتوں سے سخت محاصرہ کر رکھا ہے اور جنگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے لوگوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا ہے جو اپنے گھر بار چھوڑ کر ہسپتال میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔