(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی افواج نے دو اہم کارروائیاں کی ہیں، جن میں پہلی کارروائی غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے "بن گوریون” ایئرپورٹ کو اور دوسری کارروائی مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع بجلی گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں "فلسطین 2” اور "ذوالفقار” بیلسٹک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
جنرل یحییٰ سریع کے بیان کے مطابق، یمنی افواج کی بحریہ اور میزائل فورس نے امریکی طیارہ بردار جہاز "ہیری ٹرومین” کو بھی میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس کارروائی کو خطے میں دشمنوں کی جارحیت کے خلاف یمنی عوام کی مزاحمت کا حصہ قرار دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، ان حملوں کے بعد "غوش دان” اور وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، اور "بن گوریون” ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی۔ طیاروں کو ایئرپورٹ سے دور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ حملوں نے اسرائیلی حکام کو شدید دباؤ میں ڈال دیا۔