(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے شہید سربراہ یحییٰ السنوار کی غزہ میں جنگ کے دوران کی نئی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ گزشتہ روز الجزیرہ ٹیلی ویژن نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والے طوفان الاقصیٰ آپریشن پر ایک ڈاکیومنٹری جاری کی جس میں غزہ جنگ کی منصوبہ بندی کو دکھایا گیا۔ اس ڈاکیومنٹری میں القسام بریگیڈز کی اعلیٰ قیادت کو بھی دکھایا گیا، حالانکہ ان کے چہرے چھپائے گئے ہیں، اور شہید ہونے والے افراد کی تصویریں بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس ڈاکیومنٹری میں حماس کے شہید سربراہ یحییٰ السنوار کو خاص طور پر دکھایا گیا ہے، جہاں وہ اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ویڈیو میں یحییٰ السنوار کو عام مجاہدین کی طرح کلاشنکوف لیے اور میگزین بیلٹ باندھے گھومتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انہیں میدان جنگ میں اسرائیلی ٹینکوں کا قریب سے معائنہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا۔ ایک منظر میں یحییٰ السنوار اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والے گھروں میں بیٹھ کر شہید کمانڈروں کے ساتھ جنگی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یحییٰ السنوار 17 اکتوبر 2024 کو غزہ میں اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ الجزیرہ چینل کے پروگرام "ما خفی اعظم” میں پہلی بار حماس کے شہید رہنما یحییٰ السنوار کی خصوصی فوٹیج نشر کی گئی جس میں ان کی شہادت سے پہلے کی سرگرمیاں دکھائی گئی ہیں۔ ان فوٹیج میں السنوار کو رفح اور دیگر علاقوں میں پیش قدمی کرنے والی اسرائیلی افواج کے خلاف زمینی قیادت کی کارروائیوں میں ملوث دکھایا گیا ہے۔
ایک منظر میں یحییٰ السنوار رفح میں تل السلطان بٹالین کے کمانڈر محمود حمدان کے ساتھ آپریشن کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں، جو بعد میں رفح میں شہید ہو گئے تھے۔ فوٹیج میں یحییٰ السنوار کو فرنٹ لائن پر ایک اسرائیلی گاڑی کو دیکھتے ہوئے دکھایا گیا، جسے رفح کے تل السلطان محلے میں نشانہ بنایا گیا اور اس پر حملہ کیا گیا۔ اسی پروگرام میں ایک اور خصوصی فوٹیج دکھائی گئی جس میں القسام بریگیڈز کے چیف آف سٹاف محمد ضیف کو 7 اکتوبر کے حملے میں نشانہ بنائے گئے فوجی مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے دکھایا گیا۔