(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ کی پٹی میں جنگ بندی میں توسیع کے بعد، مقبوضہ مغربی کنارے میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی، جہاں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان پر تشدد جھڑپیں شروع ہوگئیں، اسرائیلی فوجیوں نے اسپتالوں پر حملے کئے اور ایمبولینسز کو زخمیوں کی امداد سے روک دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ غاصب صیہونی فوج کے دستوں نے فوجی بلڈوزروں اور بکتربند گاڑیوں کے ہمراہ جنین شہر پر دھاوا بولا، شہر میں ہنگامی حالات کا پتہ دینے والے سائرن بجائے گئے اور اس دوران متعدد عمارتوں کی چھتوں پر فوجی اسنائپرز کو تعینات کیا ، غاصب فوج نے جنین اور ابن سینا اسپتالوں کا محاصرہ کیا اور ہر آنے جانے والے کو اسرائیلی اسنائپرز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گولیوں سے متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
غاصب فوج نے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا جس کے بعد فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان باقاعدہ جھڑپیں شروع ہوئیں ، اسرائیلی فوج کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا جبکہ صیہونی فوجیون خو فائرنگ کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے گھروں پر اندادھند فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جبکہ چھوٹے بموں کا بھی آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 26 فلسطینیوں کے زخمی جبکہ تین کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مزاحمت کاروں کے حملوں میں اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے اس کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔