(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی افواج نے الخلیل اور نابلس شہر میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کم سن بچوں سمیت درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد افواج نے آض صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے مشرق میں واقع قصبے بنی نعیم اور نابلس کے مختلف علاقوں میں قائم پناہ گزین کیمپوں پر دھاوا بولا اور درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
فلسطینی میڈیا نے 26 افراد کے نام شائع کیے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں اسرائیلی فورسز نے الخلیل کے قصبے بنی نعیم میں چھاپہ مہم کے دوران گرفتار کیا ہے۔ قابض فوج نے نابلس سے بھی متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
قبل ازیں صیہونی فوج کے اسپیشل دستے نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں جلزون پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا اور یہاں سے بھی نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔اس کے علاوہ اریحا شہر میں عقبہ جبر کیمپ پر ایک اور چھاپہ مارا۔
الاقصیٰ ٹی وی نے جلزون کیمپ میں بھاری ہتھیاروں کی فائرنگ کی اطلاع دی ہے۔ درایں اثناء قدس نیٹ ورک نے عقبہ جبر کیمپ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی افواج کے درمیان مسلح تصادم کی اطلاع دی۔ فلسطینی ٹیلی ویژن نے بتایاکہ عقبہ جبر کیمپ میں تصادم کے دوران اسرائیلی فورسز کی گولیوں سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے آج صبح سویرے الخلیل کے شمال میں واقع عروب کیمپ میں ایک شہری کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔
اس نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کیمپ کی گلیوں میں تعینات فورسز نے شہری کو گرفتار کرنے سے پہلے اس کے گھر کی تلاشی لی۔ بعد ازاں قدس نیٹ ورک نے اطلاع دی کہ اسرائیلی افواج نے بیت المقدس شہر اور مغربی کنارے کے بیتونیہ قصبے پر دھاوا بول دیا۔