(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے طولکرم میں نور شمس کیمپ میں ڈرون سے دو فلسطینی مزاحمت کاروں کو نشانہ بنایا ۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاستی دہشتگردی میں 18 سالہ محمد عبدالکریم زیاد سمیت 9 فلسطینیوں کو شہید جبکہ متعدد کو زخمی اور درجنوں کو گرفتار کرلیا۔
الامعری کیمپ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 18 سالہ فلسطینی نوجوان محمد عبدالکریم زیاد صالحیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔رام اللہ میں ام شرایط کے مقام پر اسرائیلی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہو گئے۔
جنوبی بیت لحم میں غوش عتصیون یہودی کالونی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ادھراسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں واقع نور شمس کیمپ میں ریاستی دہشت گردی کے دوران کم سے کم دو فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
غاصب صیہونی فوج نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس نے مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں نور شمس کیمپ میں ڈرون سے دو فلسطینی مزاحمت کاروں کو نشانہ بنایا ہے۔شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت نضال ابو عید اور ایاد نضال عزمی کانوح کے ناموں سے کی گئی ہے۔