(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ کو اسرائیلی فوج کا قبرستان بنا دیں گے ہم چاہتے ہیں کہ اسرائیل غزہ میں داخل ہوجائے۔
اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کی جانب سے گذشتہ روز جاری کردہ ویڈیوبیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے زیر حراست اسرائیلی قیدیوں کی تعداد 200 سے 250 کے درمیان ہے۔
انھوں نے بتایا کہ صیہونی فورسز کی جانب سے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری جاری ہے جس میں اب تک فلسطینیوں کے ساتھ ساتھ 22 یرغمالی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں انھوں نےبتایا کہ بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی قیدیوں میں سے آخری فنکار گائے اولیوز ہیں۔
انہوں نے فلسطینی قیدیوں کے گھر والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر فلسطینی کے گھر میں خوشیاں لانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے پاس جتنے اسرائیلی یرغمالی ہیں وہ ان سب کو اسرائیل کی غیر قانونی جیلوں سے چھڑانے کیلئے کافی ہیں۔
ابو عبیدہ نے ویڈیو پیغام میں تسلیم کیا کہ ان کے پاس موجود ترغمالیوںمیں دیگر قومیتوں کے افراد بھی شامل ہیں جو اسرائیل میں موجود تھے اور بعض اسرائیلی فوجی یونیفارم میں تھے، ابو عبیدہ نے ان یرغمالیوں کے ممالک کو مخاطب کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے مہمان ضرور ہیں لیکن اب دیگر ممالک کے شہری اسرائیلی فوج کی جانب سے ہم سے لڑنے کی غلطی نہیں کریں۔
” القسام کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی غاصب صیہونی ریاست ، جو بغیر کسی جوابدہی کے فلسطینی عوام کے مقدسات کو پامال کرنے کا عادی ہے، اسے یہ توقع نہیں تھی کہ غزہ میں ایک محصور مزاحمتی طاقت اس کے ہوش اڑادے گی۔ ہم اسرائیلی حملوں اور اس کی فوجی طاقت سے خوفزدہ نہیں ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اسرائیلی فوج غزہ میں داخل ہو اس کے لئے ہم نے بھرپور تیاری کی ہوئی ہےاس کے لئے زمین پر جہنم منتظر ہے۔
ابو عبیدہ نے تاکید کی کہ غاصب فوج نے اس جنگ کے پہلے دن سے میدان میں جنگجوؤں کا مقابلہ کرنے کے بجائے فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت کا سہارا لیے ہوئے ہے۔