روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایرانی خاتون سفیر نےکہا کہ ایران صہیونی ریاست کی بدنیتی پر مبنی اور عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتا ہے جس سے خطے کے امن و سلامتی کو واضح طورپر خطرہ ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایرانی مشن کی نائب سربراہ اور خاتون سفیر "زہرہ ارشادی” نےمقبوضہ فلسطین میں صہیونی جرائم میں اضافے سے متعلق کہا کہ اسرائیلی ناجائز ریاست بے گناہ فلسطینیوں کے قتل بشمول خواتین اور بچوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں پر قبضہ کر کے انہیں تباہ کر رہی ہےجو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہونے کے باوجود جاری ہیں اور اسرائیل ان مقامات پر غیر قانونی بستیاں بنانےمیں مصروف ہے۔
انہوں نے فلسطینی خاتون صحافی "شیرین ابوعقیلہ” کے قتل کو صحافیوں کو ہراساں کرنے، ڈرانے دھمکانے اور تشدد کی طویل مدتی مہم کے سلسلے قراردیا جو فلسطینیوں کیخلاف صہیونی جرائم پر پردہ ڈالنے کے مقصد سے کی جاتی ہےجبکہ دوسری جانب بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں بالخصوص 1701 قرارداد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، لبنان کیخلاف قبضے اور اس ملک کی ارضی سالیمت اور قومی خودمختاری کی خلاف ورزی بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی خاتون سفیر نےکہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی عدم سرگرمی نے صہیونیوں کو مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جرائم جاری رکھنے اور علاقائی ممالک کیخلاف تباہکارانہ اقدامات اٹھانے کی حوصلہ افزائی کی ہے، ایران صہیونی ریاست کی بدنیتی پر مبنی اور عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتا ہے جس سے خطے کے امن و سلامتی کو واضح طور پر خطرہ ہے۔