(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فورسز نے فلسطینی خاندان کے گھر کا محاصرہ کیا اور پورٹیبل میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے آج صبح طوباس کے شمال میں واقع قصبے عقبہ پر چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کیا اور احمد ابو عرانامی فلسطینی کے گھرکو گھیرے میں لیتے ہوئے اس پر میزائلوں اور گولیوں سے نشانہ بنایا ۔
غاصب فورسز نے احمد ابو عرا، اس کے والد اور بہن کو حراست میں لے لیا، جس کے ردعمل میں فلسطینی مزاحمتی جنگجوؤں اور غاصب صیہونی دشمنوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں شروع ہوئیں۔
رام اللہ میں وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فورسز کی کارروائی میں غاصب صیہونی دشمن کی گولیوں سے ایک فلسطینی 36 سالہ نوجوان عبدالرحیم فیاض غنم سر میں گولیاں لگنے سے شہید ہوااور چھ دیگر زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو حراست میں لیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی دشمنوں نے ترکی کے تعاون سے تعمیر ہونے والے اسپتال پر دھاوا بولا ، عقبہ قصبے میں جاری ہنگامہ آرائی کے دوران فلسطینی نوجوانوں نے ربڑ کے ٹائروں کو آگ لگا ئی جبکہ غاصب صیہونی دشمنوں نے طبی ٹیموں کو زخمی شخص کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے سے ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک روکے رکھا، اس سے پہلے کہ انہیں طوباس کے اسپتال منتقل کرنے کی اجازت دی جائے۔