(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سب سے زیادہ ہلاکتیں 27 جنوری کو ہونے والے حملے کے نتیجے میں ہوئیں جس میں سات صہیونی آبادکار ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوئے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عبرانی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق رواں سال فلسطینیوں کی جانب سے کئے جانے والے مزاحمتی حملوں میں 16 صیہونی آبادکار ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔
سال 2023 کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی کارروائیوں میں 16صہیونی ہلاک ہوئے ۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی آباد کاروں کی ہلاکت کا باعث بننے والی سب سے نمایاں مخصوص کارروائیوں میں سے ایک کاروائی 27 جنوری کو شہید خیری علقم کی طرف سے کی گئی جس میں انھوں نے فائرنگ کرکے سات صیہونی آبادکاروں کو ہلاک کیا اور 12 دیگر کو زخمی کیا۔
2 فروری کو آباد کار شمعون معطوف آپریشن ایلاد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئےہلاک ہوگیا۔ معطوف نو ماہ قبل اسعد الرفاعی اور صبحی عماد کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔
شہید حسین قراقع نے 10 فروری کو مقبوضہ بیت المقدس میں رن اوور آپریشن کیا جس میں 3 صیہونی ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 13 فروری کو مقبوضہ بیت المقدس میں ایک 13 سالہ لڑکے کی طرف سے کیے گئےچاقوحملے میں ایک صہیونی ہلاک ہو گیا۔ اتوار کو ایک فلسطینی نے نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ کے مرکز میں فائرنگ کا حملہ کیا، جس میں دو آباد کار ہلاک ہوئے۔
سال 2022 میں عوامی اور مسلح مزاحمت میں ایک قابل ذکر اور معیاری اضافہ دیکھا گیا۔ خاص طور پر مقبوضہ مغربی کنارے اور یروشلم میں جہاں سینکڑوں مزاحمتی کارروائیاں اور مسلح جھڑپیں کی گئیں۔
سال 2022 کے دوران 848 فائرنگ، 37 چھرا گھونپنے سمیت 12,188 سے زائد مزاحمتی کارروائیوں کے نفاذ کے نتیجے میں 31 صہیونی ہلاک اور 525 سے زائد زخمی ہوئے۔