(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ کے باشندوں کو گھر خالی کرنے اور جنوب کی طرف جانے کے احکامات کے بعد جنوب میں بمباری کرنا وحشیانہ اقدام ہے۔
رام اللہ میں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سےگفتگو کرتےہوئے فلسطینی وزیر اعظم محمد اشتبہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بات کرتےہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کا جامع محاصرہ کر رہا ہے اور جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسرئایل غزہ کے ہسپتال کو قبرستانوں میں تبدیل کررہا ہے ، غزہ نسل کشی اور تباہی کا شکار علاقہ ہے۔ اسرائیل نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی بجلی ، پانی اور خوراک کی فراہمی کو بند کردیا ہے اس نے وہاں کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو چھوڑ کر جنوب کی جانب ہجرت کرنے کا حکم دیا اور پھر جنوبی غزہ کی پٹی پر بمباری کی جو وحشیانہ عمل ہے۔
وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے۔ اسرائیل غزہ کی پٹی کی آبادی کو دنیا کے ملکوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔