(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب افواج نے اس سال کی پہلی ششماہی کے دوران اپنی بربریت میں بیت المقدس میں 7 فلسطینیوں کو شہید اور 1,798 دیگر کو گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی دشمن کا مسجد اقصیٰ میں تعینات فلسطینیوں کو قبلہ اول سے بے دخل کرنے کا سلسلہ جاری ہے،صیہونی حکام نے رواں سال 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران مسجد اقصیٰ، پرانے شہر اور مقبوضہ بیت المقدس سے تقریباً 877 فلسطینیوں کو شہر بدر کیا۔ پرانے شہر سے بے دخلی کے 516 فیصلوں اور مسجد اقصیٰ سے 305 کا ریکارڈ مرتب کیا ہے۔
غاصب صیہونی حکام کے ہاتھوں حراست میں لیے گئے افراد میں 12 سال سے کم عمر کے 29 بچے، 409 لڑکے اور 4 لڑکیوں سمیت 60 خواتین شامل ہیں۔ اپریل کے مہینے میں سب سے زیادہ 766 گرفتاریاں ہوئیں، اس کے بعد جنوری میں 255، مارچ میں 230 مقدمات اور فروری میں 204 گرفتاریاں ہوئیں۔
غاصب افواج نے 23 طلباء کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ اپنے اسکول جا رہے تھے، یا اسکولوں سے واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔اس کےعلاوہ القدس کے 27 باشندوں کو انتظامی حراست میں لیا گیا۔