(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی فوج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت عام عوام کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین صہیونی غاصب فوج کی جانب سے الخلیل شہر کے علاقے تل رمیدہ میں اس وقت 9فلسطینی بچوں کو حراست میں لے لیا گیا جب وہ اسکول سے چھٹی کے بعد اپنے گھروں کو واپس جارہے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ صہیونی مسلح اہلکاروں نے التمیمی، متعب اور شاہین فلسطینی خاندانوں کے 9 بچوں کو گرفتار کیا، جن کی عمریں 8 سے 13سال کے درمیان تھیں تاہم بچوں کے نام اور کس جرم کے تحت معصوم بچوں کو ہراساں کیا گیا ہے اس حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم کرنے سے تاحال انکار کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب صہیونی فوج کے ہاتھوں معصوم بچوں کی گرفتاری اور ان کی نامعلوم مقام پر منتقلی کے خلاف والدین اور اساتذہ سمیت اہل علاقہ اسرائیلی جیل کے سامنے بچوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں جس میں انسانی حقوق کی دیگر مقامی تنظیموں سمیت عام عوام کی بڑی تعداد شامل ہے۔