(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام قائم کردہ ”مرکز فلسطین کیمپ“ پر تیسرے روز بھی سرگرمیاں جاری رہیں۔مرکز فلسطین کیمپ پر تیسرے روز جمعہ کو عوام الناس کے جم غفیر نے کیمپ کا دورہ کیا اور تصویری نمائش کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ دستخطی مہم میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مرکز فلسطین کیمپ پر فلسطین کی حالیہ اور تازہ ترین صورتحال سے متعلق نیوز بلیٹن اور تجزیات و تبصروں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ مرکز فلسطین کیمپ پر تیسرے روز محفل مشاعرہ بعنوان ”سلام مزاحمت فلسطین“ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت معروف شاعر فراست رضوی نے کی جبکہ شعرائے کرام نے اپنے مخصوص کلام پیش کئے۔
مشاعرہ میں شہر بھر سے خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مرکز فلسطین کیمپ پر فلسطینی عوام کی امداد کے لئے عطیاتی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے جہا ں شہریوں نے بڑھ چڑھ کر اپنے عطیات جمع کروائے۔
مرکز فلسطین کیمپ پر آرٹس کی دنیا سے تعلق رکھنے والے فنان اصغر علی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور فلسطینی مزاحمت پر مبنی برا ہ راست تصویریں بنائیں جن میں بچوں اور نوجوانوں نے رنگ بھر کر مکمل کیا۔
واضح رہے کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے پانچ روز مرکز فلسطین کیمپ کا آغا ز 8نومبر سے کیا تھا جو اتوار 12نومبر تک جاری ہے۔ اس کیمپ پر تھیٹر سمیت اتوار کو فلسطین کی جہادی تنظیم کے رہنما احسان عطایا بھی خطاب کریں گے۔