(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ’’حماس کا حملہ اور اس کے بعد سے رونما ہونے والے واقعات ناقابل بیان ہیں۔ یہ سب کچھ فلسطینی علاقوں میں ناجائز آبادکاری کے ایجنڈے کا نتیجہ ہے،حماس کو اس عمل کیلئے اسرائیلی حکرانوں نے مجبور کیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کے ریٹائرڈ فوجیوں کی "Break the Silence”.’’خاموشی توڑ دو‘‘ نامی تنظیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے حکمرانوں کی فاشسٹ اور ظالمانہ پالیسیوں کو حماس کے حالیہ حملوں کی اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حماس کا حملہ اور اس کے بعد سے رونما ہونے والے واقعات ناقابل بیان ہیں۔ ہم اسرائیلی علاقے پر ظالمانہ کارروائی کے بارے میں بات کر سکتے ہیں۔ لیکن یہ ذہن میں رکھنا ہوگا کہ فلسطینی علاقوں پر یہودی بالادستی سے متعلق ہمارے حکمرانوں کی پالیسی نے ہمیں آج اس مقام پر پہنچایا ہے۔
انھوں نےبیان میں کہا کہ ’’ہم نے فلسطینی علاقوں پر قبضے اور غزہ کے محاصرے کے خاتمے کیلئے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے۔ تاکہ کوئی بھی انسان ظلم کی زد میں نہ رہے۔ کسی ایک کا خون کسی دوسرے کے خون سے زیادہ سرخ نہیں ہے۔ اس سرزمین میں رہنے والا ہر فرد ایک اچھی، محفوظ اور آزاد زندگی گزارنے کا مستحق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اجتماعی سزا اور قبضے کو برقرار رکھنے کی اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور اسے جاری رکھیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جس طرح ہم اسرائیل پر حماس کے حملے کو درست نہیں سمجھتے۔ اسی طرح غزہ پر اندھادھند بمباری کے خلاف بھی ہمارا موقف واضح ہے۔ ہر انسان محفوظ اور آزادی کی زندگی کا مستحق ہے۔ چاہے اسرائیلی ہو یا فلسطینی ہو‘‘۔