(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غاصب صیہونی فوج کے سربراہ ہرزی ہیلیوی نے 7 اکتوبر 2023 کو فلسطینی مزاحمت کے "طوفان الاقصیٰ " آپریشن کے دوران ہونے والی اسرائیلی فوج کی ناکامیوں پر تحقیقات معطل کر دی ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے نیوز چینل i24NEWS کے عسکری تجزیہ کار یوسی یہوشوا کے مطابق، یہ تحقیقات مکمل ہونے کے باوجود عوام کے سامنے پیش نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے اندرونی معاملات پر پردہ ڈالنے کے لیے چیف آف اسٹاف ایک "جائز بہانے” کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ اس معاملے پر کوئی سرکاری تحقیقاتی کمیٹی بھی نہیں بنائی گئی۔
اسرائیلی اخبار یدیوت احرونوت نے انکشاف کیا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی، جس میں سابق وزیر شاؤل موفاز بھی شامل ہیں، ابھی تک باقاعدہ اختیارات حاصل نہیں کر سکی۔ اس فیصلے نے اسرائیلی فوج کے اندرونی نظام اور ذمہ داری کے حوالے سے مزید سوالات کو جنم دیا ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمت کے آپریشن کو روکنے میں ناکامی پر عوامی سطح پر بے چینی بڑھ رہی ہے۔