(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی فلسطین کے سفیر احمد جواد سے ملاقات ہوئی ہے جس میں انہوں نے غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز ( جی ایچ کیو) میںفلسطینی سفیر احمد جواد ربیع سے ملاقات کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر اظہار تشویش کیا۔
یہ بھی پڑھیے :https://roznamaquds.com/palestine/the-wests-silence-on-gaza-is-hypocrisy-a-brutal-double-standard-human-rights-watch/
ملاقات میں آرمی چیف نے اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کے بے دریغ قتل، اسکولز، یونیورسٹیز ، امدادی کارکنوں اور اسپتالوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کا جبری انخلا انسانیت کے خلاف جرائم کا عکاس ہے، عالمی برادری اسرائیلی فوج کو جاری مظالم کی حوصلہ افزائی سے باز رکھنے کے لیے متحرک ہو۔
فلسطینی سفیر سے ملاقات میں آرمی چیف نے 1967 سے پہلے سے سرحدی بنیاد پر قائم فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اسرائیل کی خود غرضی اور تنگ نظریے کے تحت جبر ہو رہا ہے، اسرائیلی فوج کے مظالم انسانیت اور شہری اقدار کی خلاف ورزی کے عکاس ہیں۔