(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی وزیر ریاض میں اقوام متحدہ کے سیاحت سے متعلق ادارے کے پروگرام میں شرکت اور اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزعرب، اسرائیل تعلقات کی بحالی کیلئے سرگرم عمل قابض ریاست اسرائیل کے وزیر سیاحت ہائم کاٹز 2 روزہ پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے۔
اس حوالے سے اسرائیلی وزارت سیاحت کی جانب سے ایک مختصر بیان جاری کیا گیا ہے جسکے مطابق ہائم کاٹز ریاض میں اقوام متحدہ کے سیاحت سے متعلق ادارے کے پروگرام میں شرکت کریں گے اور اسرائیلی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ان مذاکرات میں کون کون سے ممالک کے وزراء شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ ہائم کاٹز وہ پہلے اسرائیلی وزیر ہیں جو سعودی عرب جانے والے وفد کی سربراہی کر رہے ہیں جبکہ سعودی عرب مقبوضہ مغربی کنارے پر تین دہائیوں بعد اپنا پہلا وفد بھیجنے کے بعد اسرائیل کی جانب سے یہ پیش رفت ہوئی ہے۔