(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوموں کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی پانچویں کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کر دی گئی۔
امدادی کھیپ میں گرم خیمے، ترپال، کمبل سمیت دیگر اشیا شامل ہیِں۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی۔ العریش میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ 121 روز سے جاری اسرائیلی فوج کی غزہ میں بدترین جارحیت میں اب تک 11،000 سے زائد بچوں اور 10،000 سے زائد خواتین سمیت مجموعی طورپر 27,365 فلسطینی شہید 66,630 زخمی جبکہ 15ہزار سے زائد لاپتہ ہیں۔