(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) عالمی عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا کہ فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے ساتھ غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اسلام آبادمیں دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف دائر کردہ مقدمے کے عبوری فیصلےکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو حکم دیا کہ غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے ساتھ فلسطینیوں کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرے، عالمی عدالت انصاف نے تسلیم کیا کہ اس کے پاس اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا دائرہ اختیار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے،7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو فلسطینیوں کے لیے انصاف کے حصول کے لیے اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی افریقا کی طرف سے اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں دائر درخواست کی حمایت کرتا ہے۔