(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کل کا دن اسرائیلی فوج پر جنگ کے آغاز سے اب تک کا سب سے تکلیف دہ دن ہے جس میں دو اعلیٰ افسران سمیت 11 فوجی ہلاک ہوئے اور اسلحہ سمیت عسکری سامان القسام کے ضبط کرلیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں گذشتہ دن کو غزہ میں اسرائیلی فوج کیلئے اب تک کا سب سے نقصان دہ دن قراردیا دیتے ہوئے لکھا ہے کہ سات اکتوبر سے جاری جنگ میں اسرائیل کو کل سب سےبڑے حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں دو اعلیٰ افسران سمیت گیارہ اسرائیلی فوجی مارے گئے اور درجنوں زخمی ہوئے۔
اسرائیلی قابض فوج نے آج منگل کی صبح اعلان کیا کہ جنوبی غزہ کی پٹی میں مزاحمت کاروں کے ساتھ جاری لڑائی میں کل رات 4 مزید افسران اور فوجی مارے گئے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی مجموعی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دو حملوں میں سے ایک فوجی ٹرک میں گولہ بارود کے پھٹنے کا باعث بنا، جس میں فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے، دوسرا حملہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں ایک عمارت پر کیا گیا جس میں چھپے ہوئے متعدد فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیل کے ان نقصانات کے انکشاف سے قبل القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ وہ خان یونس شہر کے اسٹیشن ایریا کے قریب ایک گھر کے اندر موجود خصوصی صہیونی فورس کو اینٹی پرسنل میزائل سے نشانہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس سے فوج کے متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔ القسام نے صہیونی فوج پر ایک اینٹی پرسنل ڈیوائس "رادیہ” کے دھماکے اور خان یونس شہر میں اسٹیشن ایریا کے قریب ایک اسکول کے اندر مشین گنوں کے ساتھ اس کے باقی ارکان کے ساتھ جھڑپ کارروائی کی۔