(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی جہاد موومنٹ کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے اعلان کیا کہ اس نے الاقصی شہداء بریگیڈ اور العمودی بریگیڈ کے ساتھ مل کر غزہ کے "نیٹزارم محور” میں دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول ہیڈ کوارٹر پر بمباری کی ہے۔
اس دوران، پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے عسکری ونگ شہید ابو علی مصطفیٰ بریگیڈز نے بھی غزہ کے جنوب میں دشمن کے توپ خانے کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا۔ اسرائیلی میڈیا نے جبالیہ میں دھماکہ خیز مواد سے بھرے ٹرک کے حملے میں 3 فوجیوں کی ہلاکت اور 18 کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔
دوسری جانب، مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس میں اسرائیلی فوجی فورسز نے مقامی مزاحمتی جنگجوؤں کا مقابلہ کیا۔ اسرائیلی خفیہ فوجیوں نے طوباس میں ایک چھاپہ مارا، جہاں قابض افواج نے دھوئیں کے بم برسائے اور فوجی کمک بھیجی۔
القدس بریگیڈز کے طوباس بریگیڈ نے اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں پر گولہ باری کی، جبکہ ایک خصوصی اسرائیلی فورس نے شہر کے گلف ایکسچینج کمپنی پر دھاوا بول کر ساز و سامان ضبط کیا اور ایک نوجوان کو حراست میں لیا۔