(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دونوں نوجوان رانی قدرت اور احمد جمال آصف کو آج صبح سویرے اس وقت شہید کیا گیا جب قابض فوج کی بڑی تعداد نے قصبے پر دھاوا بولا۔
فلسطین کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ غیر قانونی صہیونی فورسز کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، جس میں لوٹ مار کے ساتھ شہریوں کو اغوا کرنے کے علاوہ بے دردی سے شہید کرنا بھی شامل ہے۔
غاصب فورسز نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چار فلسطینی نوجوانوں کو شہید جبکہ درجنوں کو گرفتار اور متعدد کو زخمی کیا ہے۔ صہیونی فورسز نے رات گئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھیں اور مزاحمت کرنے پر فائرنگ سے بھی دریغ نہیں کیا جس کے نیتجے میں جنین سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ رانی وليد قطنات اور 18 سالہ احمد جمال عساف شہید ہوگئے ، اس سے قبل غیر قانونی صہیونی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب میں جبہ قصبے پر دھاوا بولا اور مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نیتجے میں 24 سالہ نوجوان عزالدین باسم حمامرہ اور 23 سالہ امجد عدنان خلیلیہ شہید ہوگئے ، دونوں کا تعلق جبہ قصبے سے بتایا گیا ہے۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صہیونی فورسز کی دہشتگردی میں چار فلسطینی نوجوان شہید درجنوں زخمی اور متعدد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔