(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی شروع ہونے کے بعد سے اب تک 100 سے زائد صحافیوں کو شہید کیا جاچکا ہے جس میں 80 صحافیوں کا تعلق مقبوضہ فلسطین سے ہے۔
صحافیوں کی عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کی جانب سے دوروز قبل شہید ہونے والے الجزیرہ عربی کے فلسطینی صحافی محمد ابو حویدی کی شہادت پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر سے 4 جنوری 2024 تک غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں 100 سے زائد صحافی اپنے جانیں گنوا چکے ہیں، شہید ہونے والے صحافیوں میں بھاری اکثریت فلسطینی صحافیوں کی ہے۔
غزہ میں فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے صحافیوں کی یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ تاحال کم سے کم 24 فلسطینی صحافی لاپتہ ہیں جن کے حوالے سے معلوم نہیں ہے کہ وہ زخمی ہیں یا شہید ہوچکے ہیں تاہم، صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی کے اعداد و شمار کے مطابق، اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں اب تک کم سے کم 102 صحافی شہید ہوچکے ہیں جس میں تین لبنانی اور چار اسرائیلی صحافی بھی شامل ہیں۔