(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تہران اور ریاض کے درمیان امن سمجھوتے کے بعد ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان یہ پہلا رابطہ ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تہران اور ریاض کے درمیان امن سمجھوتے کےبعد پہلی مرتبہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطہ، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے حالیہ صیہونی افواج کے مظالم کا شکار مقبوضہ فلسطینی شہر غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے حوالے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب فلسطینی شہریوں کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے ان کے ساتھ مسلسل کھڑا ہے۔ غزہ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے خطے اور عالمی اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت کے لیے کوشش کرے گا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کو ان کے قانونی حقوق ملنے تک حمایت جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے بھی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطہ کیا اور غزہ میں کشیدگی میں کمی کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔