(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تجویز کے مطابق حماس 40 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرے گی، جن میں خواتین، 19 سال سے کم عمر، 50 سال سے زائد عمر کے بزرگ اور مریض شامل ہیں، جب کہ اسرائیل تقریباً 400 فلسطینی قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیے بغیر رہا کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کےمطابق گذشتہ روز حماس کو غزہ میں جنگ بندی پر پیرس مذاکرات سے ایک مسودہ کی تجویز موصول ہوئی ہے جس میں 40 دنوں کے لیے تمام فوجی کارروائیوں کو روکنا اور 10 فلسطینیوں سے ایک اسرائیلی کے تناسب سے اسرائیلی قیدیوں کے لیے فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ شامل ہے۔
ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ پیرس کی تجویز میں متعدد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی شرط رکھی گئی ہے، جن میں خواتین، 19 سال سے کم عمر کے بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ مجوزہ جنگ بندی کے تحت غزہ میں اسپتالوں اور بیکریوں کی مرمت کی جائے گی، روزانہ 500 امدادی ٹرک پٹی میں لائے جائیں گے، اور ہزاروں خیمے اور کارواں فراہم کیے جائیں گے۔