(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اسرائیل کے فلسطین، یمن لبنان پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اس کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
جاری کردہ مذمتی بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے اسرائیل کے ہاتھوں لبنان کے معصوم شہریوں کے قتل عام پر گہرے دکھ ، افسوس اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین اور لبنان کے معصوم شہریوں کے قتل عام پر دل افسردہ ہے، پاکستان کے عوام کے دل فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطین اور لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا فلسطین اور یمن کے بعد لبنان پر جاری فضائی حملے خطے میں جنگی جنوں کا منہ بولتے ثبوت ہیں،اسرائیل کا جارحانہ رویہ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک خطرہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں 42 ہزار معصوم شہریوں کے قتل عام کے باوجود اسرائیل کا جنگی جنون ٹھنڈا نہیں ہوا، اسرائیل کے ہاتھ فلسطین اور لبنان کے معصوم بچوں اور بزرگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اسرائیل نے فلسطین کے بعد یمن اور لبنان پر حملہ کر کے دنیا کے امن کو چیلنج کیا ہے اور جنگ بندی سے اسرائیل کا انکار خطے کو جنگ و جدل میں دھکیلنے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ اسرائیل کے مذموم مقاصد سے مشرق وسطیٰ کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کے فورم پر کھڑے ہوکر دنیا کو دھمکیاں تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو فلسطین، یمن اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اپنی خاموشی توڑنا ہو گی،مسلم امہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف کھل کر آوز بلند کرنا ہو گی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین اور لبنان پر جارحانہ جارحیت اور قتل عام نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے،اقوام عالم کو اسرائیل کے جارحانہ عزائم کو روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، اسرائیل کے مذموم عزائم کو نہ روکا گیا تو یہ جنگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔