(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گذشتہ ایک سال کے دوران صہیونی ریاست کی حکومتی حساس نوعیت کی ویب سائٹس سمیت دیگر سیکڑوں ویب سائٹس پر سائبر حملے جاری ہیں۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے مظالم اور اس کے غیر قانونی آباد کاروں کے جرائم کے جواب دنیا بھر سے فلسطین کے حامی ہیکر گروپوں کی طرف سے صہیونی ریاست پر سائبر حملے جاری ہیں، اسرائیلی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز صہیونی ریاست کی پارلیمنٹ (کنیسٹ)کی ویب سائٹ کو سائبر حملے کا نشانہ بناکر بند کردیا گیا،
ابتدائی طورپر مجاز تکنیکی حکام کا خیال تھا کہ یہ سائٹ تکنیکی خرابی کی وجہ سے بند ہوئی ہے تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ اسے ایک گروپ کی جانب سے سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے جو خود کو "گمنام سوڈان” کے نام سے تعارف کراتاہے۔
گذشتہ اپریل کے آغاز سے اسرائیلی اہداف پر سائبر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، جس نے درجنوں اہم اور حساس اسرائیلی ویب سائٹس کو متاثر کیا ہے جن میں کنیسیٹ اور مقبوضہ علاقوں کی دو بڑی بندرگاہوں سمیت صہیونی حکومت کافوجی ریڈیو اسٹیشن پولیس اور دیگر کئی حساس حکومتی ویب سائٹس شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ استعمال کی جانے والی تکنیک بظاہر ڈسٹری بیوٹڈ ڈینیئل آف سروس (DDoS) تھی، جس کے دوران ویب سائٹس کو ان کے سرورز کو زیادہ سے زیادہ رابطہ کرنے کی درخواستوں کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا ہے۔