(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ غرب اردن کے شہروں نابلس اور الخلیل میں گذشتہ روز صیہونی فوج اور پولیس کی سرپرستی میں صیہونی آبادکاروں نے فلسطینیوں پر حملے کیے جس کے نتیجےمیں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
مقبوضہ فلسطین کے شمالی مغربی کنارے میں صیہونی جرائم اور غیر قانونی صیہونی آباد کاری کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی کے سربراہ غسان دغلس نے بتایا ہے کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی سربراہی میں شرپسند صیہونی آبادکارفلسطینیوں پر مسلسل حملے کررہےہیں گذشتہ روز غرب اردن کے شہروں نابلس اور الخلیل میں صیہونی فوج اور پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں فلسطینیوں پر حملے کیے جس کے نتیجےمیں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔غاصب افواج کی حفاظت میں خالی کرائی گئی "حومیش” یہودی بستی کی جگہ دراندازی کی اورنابلس میں برقہ کے مقام پر شہریوں کے گھروں پر حملہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکینوں کی جانب سے حملے کا جواب دینے کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں، جس کے نتیجے میں ایک شہری ہاتھ میں گیس بم لگنے سے زخمی ہوگیا۔
آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنوں شہری دم گھٹنے سے متاثر ہوئے جب کہ 50 کے قریب آباد کاروں نے شہر کے مضافات میں ایک مکان پر حملہ کیا، سنگ باری کرکے گھروں اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔
میڈیکل ریلیف نے اعلان کیا کہ قصبے کے رہائشیوں پر آباد کاروں کے حملے کے نتیجے میں ایک نوجوان گیس بم سے زخمی ہوا۔
فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی نے اطلاع دی ہے کہ برقہ قصبے میں آبادکاروں اور قابض فوج نے فلسطینیوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگیا۔