(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فضائیہ کا کہنا ہے کہ لبنانی ڈرون نے اسرائیل کی فضائی حدود میں گھس کر فضائیہ اور جدید ترین دفائی سسٹم آئرن ڈوم کو دھوکہ دیا جس سے دفاعی نظام لبنانی ڈرون کی شناخت کرنے کے بعد اس کو قابض ریاست میں داخل ہونے سے روکنے میں ناکام ہوا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی ریاست اسرائیل کی ڈیفنس فورسز کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ انہوں نے ایک نامعلوم ڈرون کا سراغ لگایا جو لبنان سے اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔
صہیونی فضائیہ کے مطابق شمالی اسرائیلی قصبوں میں اس لبنانی وائر لیس ڈرون کے گھس آنے کے بعدانتباہی سائرن بج اٹھے اور آئرن ڈوم کے ذریعے کئی انٹرسیپٹرز فائر کیے گئےتاہم اس سے رابطہ منقطع ہو گیا اور صہیونی فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی ڈرون کا راستہ روکنے میں ناکام رہےجس کے بعد یہ چھوٹی ساخت کالبنانی ڈرون چند منٹ اسرائیلی حدود میں پرواز کر کے بحفاظت واپس چلا گیا۔
اب تک کی حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنانی گروپ نے ابھی تک ان دعوؤں کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے لیکن صہیونی میڈیا ذرائع کے مطابق یہ ڈرون حزب اللہ کی جانب سے صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب بھیجا گیاتھاجس کی چھان بین کی جارہی ہے۔