(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فورسزنے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، صہیونی نیوی نے غزہ کے سمندر میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجےمیں ایک کشتی مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔
غزہ میں فلسطین فشرمین فورم کے سربراہ محمود عود نے میڈیا کو بتایا کہ گذشتہ روز صہیونی نیوی کے اہکاروں نے بغیر کسی وارننگ کے غزہ کے ماہی گیروں پراس وقت اچانک فائرنگ کردی جب وہ اسرائیل ہی کی جانب سے متعین کردہ سمندری حدود میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف تھے۔
انھوں نے بتایا کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک کشتی مکمل طورپر تباہ ہوگئی جبکہ دو ماہی گیر معمولی زخمی ہوئے ہیں، صیہونی فوجیوں نے اس فائرنگ سے قبل ماہی گیروں کو کسی قسم کی وارننگ بھی نہیں دی۔
واضح رہے کہ غزہ کے ساحلی علاقے میں زندگی بسر کرنے والے اکثر فلسطینیوں کا ذریعہ معاش ماہی گیری ہے جس کو اسرائیلی غیر انسانی اور غیر قانونی پالیسیوں کے باعث شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔