(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حزب اللہ کے ڈرون کی اسرائیل میں داخلے اور کامیابی سے واپسی سے بوکھلائی ہوئی صہیونی فضائیہ نے بیروت پرنچلی پروازیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز لبنان سے حزب اللہ کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کی شمالی اسرائیل میں پرواز کے جواب میں قابض ریاست کی صہیونی فضائیہ نے بھی بیروت میں نچلی پروازیں کیں اور کچھ فرضی حملے بھی کیے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ دوران پرواز صہیونی طیاروں نے ساؤنڈ بیرئر کراس کیا، تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کےنقصان کی کوئی اطلاعات نہیں ملیں، چند روز قبل بھی اسرائیلی فوج کے عسکری ذرائع نے یہ اعلان کیا تھا کہ ان کے ایئر ڈیفنس نے اسرائیلی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والی ڈرون طیارے پر فائرنگ کی جس کے بعدیہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہےکہ جب فضائی حدود کی خلاف ورزی پر الجلیل ریجن میں خطرے کے سائرن بج اٹھےاور اسرائیلی علاقہ میں بنائے گئے زیر زمین بنکروں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
واضح رہے کہ لبنانی حزب اللہ کی جانب سے تحریک کے سیکریٹری جنرل حسن نصراللہ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ تنظیم کی طرف سے شمالی اسرائیل کی جانب بھیجا گیا ڈرون طیارہ چالیس منٹ تک اسرائیل کی فضائی حدود میں پرواز کے بعد بحفاظت لبنان واپس پہنچ گیا۔