(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) علاقہ مکینوں کے پہنچنے پر یہودی شر پسند زخمی فلسطینی کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کرفرار ہو گئے جس پراپنی مدد آپ کے تحت بزرگ کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز قابض اسرائیلی ریاست میں شہر الخلیل سے متصل صہیونی غیر قانونی بستی کریات اربع سے آنے والے درجنوں انتہا پسند آبادکاروں نےایک بزرگ فلسطینی شہری پرتیز دھار آلات سے اس وقت حملہ کردیا جب وہ اپنی زمین پر کھیتی باڑی میں مصروف تھے۔
صہیونی آبادکاروں کی جانب سےاس اچانک افتاد پر 64 سالہ بزرگ فلسطینی جن کا نام عبد الکریم ابراہیم الجبعری بتایا جاتا ہے سنبھل نہ سکے اور حملہ آوروں کے جان لیوا ہتھیاروں سے شدید زخمی ہو گئے تاہم حملہ آوروں نے شہری کے سر سے بہتے خون کے باوجود انہیں زدوکوب کیا جس کے نتیجے میں فلسطینی بزرگ کے سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ صہیونی شر پسندوں کے وحشیانہ حملے کے کچھ ہی دیر بعد علاقہ مکینوں کے پہنچنے پر یہودی شر پسند زخمی فلسطینی کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کرفرار ہو گئے جس پراپنی مدد آپ کے تحت بزرگ کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے سراور جسم کے دیگر حصوں پر گہرے زخموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
یاد رہے قابض ریاست میں یہودی غیر قانونی بستیوں سے صہیونی شر پسند دن دہاڑے گروہ کی صورت میں اکثر فلسطینی باشندوں کو تنہا پا کر ان پر حملے کر تےاور ان کی رقم لوٹ لیتے ہیں جبکہ فلسطینیوں کی اراضی پر حملے تو روزانہ کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں جن میں خاص طورپر زیتون کے درختوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے جو کہ فلسطینیوں کے روزگار کا بنیادی ذریعہ سمجھا جاتا ہے