(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) خیربیت الرقیز میں رہنے والے فلسطینی کے گھر کا ایک حصہ گرانے کے بعد قابض فوج نے جرمانے کی خطیر رقم مانگی جس کی غریب فلسطینی کی جانب سے ادائیگی نہ ہونے پراسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے جنوب میں واقع مسافر یطا میں فلسطینی رہائشیوں کے درجنوں گھروں کو ناجائز تجاوز قرار دے کر انہدامی کے احکامات جاری کردیےہیں اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں تاہم جرمانے سے بچنے کے لیے فلسطینیوں کو خود ہی اپنے گھر مسمار کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مسافر یطا کے علاقے خیربیت الرقیز میں رہنے والے ایک فلسطینی شہری مراد حمامدہ کے گھر کا ایک حصہ گرانے کے بعد قابض فوج نے جرمانے کی خطیر رقم مانگی اور شہری کی جانب سے رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایااور اس کے خاندان سمیت گھر کے سازو سامان کو باہر پھینک دیا۔
یاد رہے کہ قابض صہیونی فوج مسافر یطا کے علاقے میں فلسطینیوں کے گھروں اور خیموں کو نشانہ بنانے کے لیےباقاعدہ منظم مہم کے تحت کا م کر رہی ہے جس کا مقصد وہاں کے رہائشیوں کو ان کی زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کر کے یہاں صہیونی غیر قانونی آبادکاری کی جاسکے۔