(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست اسرائیل میں صہیونی فوج متعدد فلسطینیوں کے مکانات کو غیر قانونی قرار دے کر مسمارکر چکی ہے اور ہزاروں فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں قابض صہیونی فوج کی جانب سے نابلس کے علاقے بیت دجن میں ایک معمر فلسطینی شہری کے آبائی گھر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے صہیونی بلدیہ کے بھاری بلدوزروں سے منہدم کر دیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے بزرگ کو کسی قسم کے نوٹس جاری کیےبغیران کے مکان کی مسماری شروع کردی جس پر فلسطینی شہری نے اپنے گھر کے قانونی کاغذات فوجی اہلکاروں کو دکھانے چاہے تاہم قابض فوج نے کاغذات کی جانچ سے انکار کرتے ہوئے مکان کو فوری طور پر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے اور دیکھتے ہی دیکھتے معمر فلسطینی جن کے ساتھ دو نوجوان خاندان کے 6 بچے اور خواتین بھی شامل ہیں بے گھر ہوگئے۔
واضح رہے کہ اب تک قابض ریاست اسرائیل میں صہیونی فوج متعدد فلسطینیوں کے مکانات کو غیر قانونی اور ناجائز تجاوز قرار دے کر مسمارکر چکی ہے جس کےنتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی خاندان یا تو اپنے عزیوں کے گھروں میں یا پھر فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔