(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں اب تک صرف 2022ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں فلسطینی علاقوں سے کم از کم 3124 فلسطینیوں کو حراست میں لیاجا چکاہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی صہیونی فوج کی جانب سے گذشتہ روز علی الصبح مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد علاقوں سمیت بیت المقدس میں بڑے پیمانے پر حراستی مہم کا آغاز کیاگیا جس میں درجنوں فلسطینیوں کے گھروں میں داخل ہو کر قابض فورسز نے 42 سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کوحراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی دستوں نے الخلیل میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر دھاوا بول دیا اور اس وحشیانہ مہم کے دوران سابق اسیران سمیت کم از کم 21 فلسطینیوں کو اغوا کیا جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں قلقیلیہ اور بیت اللحم پر چھاپے مارے، گھروں میں گھس کر تلاشی کے بہانے لوٹ مار کی اور ایک سابق فلسطینی قیدی سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب نابلس میں فلسطینی نوجوانوں نے شہر میں صہیونی فوج کی دراندازی کا مقابلہ کیا اور انہیں علاقے میں داخل ہو نے سے روکنے کیلیے گھریلو ساخت کے پیٹرول بم پھینکے جس سے فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو زخمی کردیااور مزید تین دیگر افراد کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم تفتیشی مقامات پر منتقل کر دیا ہےاور بیت المقدس میں جنین اور رام اللہ سے بھی تین فلسطینیوں کو حراست میں لیاہے ۔
یاد رہے کہ تقریباً روزانہ ہی اسرائیلی فورسز مقبوضہ مغربی کنارے اور بیر المقدس میں فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر دہشت پھیلارہی ہے اور ان کی املاک کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری ہےجس کے باعث صرف 2022 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اسرائیلی قابض فوج کے ہاتھوں فلسطینی علاقوں سے کم از کم 3124 فلسطینیوں کو حراست میں لیاجا چکاہے۔