(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فوج کو اب شک کی بنیاد پر بھی فلسطینیوں پر گولیاں چلانے کی اجازت ہوگی اوراس بہانے وہ جس فلسطینی شہری پر چاہیں گے روایت کے مطابق سنگ باری کا الزام لگا کر اپنی گولیوں کابا آسانی نشانہ بنا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست اسرائیل میں صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کی نئی پالیسیترتیب دی گئی ہے جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو قابض افواج اور آباد کاروں کے طرز عمل کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں ان کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
صہیونی فوج کو نئی ہدایات کے مطابق فلسطینیوں پر طاقت کے استعمال کو وسعت دیتے ہوئے صرف شک کی بنیاد پرمظاہروں اور جھڑپوں کے دوران پتھراؤ اور گھریلو ساخت کے پیٹرول بموں سے دفاع کر نے والوں پر گولیاں چلا نے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں قابض فوج اب کسی بھی نہتے اور بے گناہ فلسطینی کو پکڑ کر پتھراؤ کر نے وار فوج پر ملوتوف بم پھینکنے کے الزامات لگا کر شہید کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صہیونی فوج کواتنی ہدایات تھیں کہ وہ صرف اس وقت گولی چلا سکتے ہیں جب انہیں جان کا خطرہ لاحق ہوتاہم نئی ہدایات اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کے طرز عمل کے خلاف بڑھتے ہوئے فلسطینیوں کے احتجاج کے بعد سامنے آئیں ہیں۔