(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے اوربیت المقدس میں قابض ریاست کے حکم پرصہیونی اہلکاروں کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے جس کے بعد اسرائیلی فورسزنہتے فلسطینیوں کو اپنی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض صہیونی فوج کی پر تشددکارروائیوں کے نتیجے میں متعدد افراد صہیونی فوج کی براہ راست گولیوں کا نشانہ بنے بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ان فلسطینیوں نے ہسپتالوں میں دم توڑدیا، قابض ریاست میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور ان کی انتقامی کارروائیوں کے نتیجے میں ایک اور 18 سالہ فلسطینی نوجوان احمد مسعد جو جنین کے علاقے سے تعلق رکھتا تھا قابض فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے شدید نوعیت کا زخمی ہونے کے بعد ہسپتال منتقلی کے دوران چل بسا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں قابض ریاست کے حکم پرصہیونی اہلکاروں کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے جس کے بعد اسرائیلی فورسزنہتے فلسطینیوں کو اپنی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنارہی ہے اور صرف دو ہفتوں کے دوران اب تک ایک درجن سے زائد فلسطینی نوجوان فائرنگ کے واقعات میں شہید کیے جاچکے ہیں۔