(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قیدی کلب کے مطابق صہیونی جیل انتظامیہ اسیران کوسماجی فاصلے اور دیگر احتیاط پر عمل درآمد کرانے کے بجائے کئی کئی یونٹوں میں ایک ساتھ رکھ کر مزید قیدیوں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلیے اقدامات سے انکاری ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی برائے اسیران کی جانب سے تازہ بیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جنوبی اسرائیل کی بد نام زمانہ مجیدو جیل جہاں فلسطینیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک روا رکھا جاتا ہے، صہیونی جیل انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے ہاتھوں 25 فلسطینی قیدی کورونا وائرس کا شکارہوچکے ہیں۔
قیدی کلب کے مطابق صہیونی جیل انتظامیہ اسیران کوسماجی فاصلے اور دیگر احتیاط پر عمل درآمد کرانے کے بجائے کئی کئی یونٹوں میں ایک ساتھ رکھ کر مزید قیدیوں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلیے اقدامات سے انکاری ہے۔
قیدی کلب نے مزید بتایا کہ فلسطینی اسیران پہلے ہی بدترین حالات کا شکار ہیں اور 19نوجوان ایسے ہیں جو دل کی بیماریوں میں مبتلا ہیں اور طبی سہولیات سے محروم بھوک اور دیگر قسم کے ٹارچر میں قید کاٹ رہے ہیں جبکہ اس وقت بھی مجیدو جیل میں انتظامی قید کی غیر قانونی پالیسی کے تحت فلسطینی قیدیوں کی تعداد ساڑھے چار ہزار تک ہے جن میں 180 بچے اور نوعمر اور 34 خواتین شامل ہیں۔