(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترک حکومت کے عہدیداران نے اسرائیلی صدر کے دورہ ترکی کی تیاریوں، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دیگر علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ روز ترک حکومت کے اہم عہدیداران کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی مقبوضہ بیت المقدس میں آمد ہوئی جنہوں نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سمیت صہیونی حکام کے دیگر عہدیداران کے ساتھ ملاقات کی۔
اسرائیلی حکومت کے مطابق ترک حکومت کے عہدیداروں نے اسرائیلی صدر کے دورہ ترکی کی تیاریوں، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور دیگر علاقائی موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور اسرائیل اور ترکی کے خطے میں اثرو رسوخ کی اہمیت پر زور دیا جبکہ دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی سے خطے میں استحکام پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں صہیونی ریاست اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ کے آئندہ ماہ
ترکی کے دورے کی تصدیق کی تھی اور اسے اسرائیل اور ترکی کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کا نام دیا تھا۔