(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دونوں رہ نماؤں نے فون پر بات کرتے ہوئے غزہ پراسرائیلی وحشیانہ بمباری اور دونوں اطراف سے کشیدگی روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی سرکاری نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے فرانسیسی مسلح افواج کے وزیر سیبسٹین لیکورنو کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں غزہ اور اس کے اطراف کی تازہ ترین پیش رفت اور ان کے حوالے سے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقعے پر سعودی وزیر دفاع نےٖغزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کو روکنے، شہریوں کے تحفظ، بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری اور خطے میں استحکام کی بحالی اور امن کے قیام کے لیے تنازع کا سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔
دونوں رہ نماؤں نے خطے کے مسائل اور پیشرفت کے حوالے سے مشترکہ رابطہ کاری اور وہاں کی صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور دفاعی شعبوں میں موجودہ تعاون کا بھی جائزہ لیا۔