(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) روس کا خیال ہے کہ دو ریاستی حل کو مضبوط بنانے کے لیے تمام عوامل کو اکٹھا کیا جانا چاہیے جس میں ایک فلسطینی ریاست بھی شامل ہے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گذشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی غیر قانونی اقدامات اور مقبوضہ فلسطینی اراضی پر اسرائیل کی جانب سے تعمیر کی گئی غیر قانونی بستیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "ہم اسرائیلی بستیوں کی توسیع، گھروں کی مسماری، فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے اور بڑے پیمانے پر گرفتاری کی مہم کو قبول نہیں کر سکتے”۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ "یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ امریکہ اور یورپی یونین نے دو ریاستی حل کو مضبوط بنانے کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ تمام فریقوں کے لیے غیر مددگار اور غیر منصفانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔” مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں تشدد کے پھیلنے کی بنیادی وجہ اسرائیل کے مظالم اور دنیا کا فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے۔