(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فوج کی مسجد اقصیٰ اور فلسطینی نمازیوں کے خلاف جاری دہشت گردانہ کارروائی کےباعث فلسطینیوں پر پھیکے گئے ہینڈ گرینیڈ سے اقصیٰ مسجد کے درختوں میں آگ بھڑک اٹھی، درجنوں فلسطینی بھی زخمی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی قابض افواج نے جمعہ کی صبح مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لیے مقامی شہریوں سمیت مقبوضہ مغربی کنارے سے بڑی تعداد میں آنے والے فلسطینیوں کو مسجد میں داخلے سے روکا اور ان پر دستی بموں سے حملہ کر دیااور شہریوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں جبکہ بھاری مقدار میں آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے باعث افرا تفری مچ گئی اور متعدد افراد دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔
اس دوران مسجد اقصیٰ اور فلسطینی نمازیوں کے خلاف جاری صہیونی کارروائی کے نتیجے میں قابض فوج کی جانب سے پھیکے گئے ہینڈ گرینیڈ سے اقصیٰ مسجد کے درختوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
القدس محکمہ اوقاف کی جانب سے فلسطینی فائر بریگیڈ کا عملہ الاقصیٰ کے صحن میں فوری طور پر پہنچا اور کارکنان نے آگ سے درختوں کو بچانے کے لیے تیزی سے اقدامات کیےتاہم قابض فوج کی جانب سے جاری صہیونیت کے نتیجے میں کئی درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔
آخری خبرموصول ہونے تک فلسطینی فائر بریگیڈ کا عملہ الاقصیٰ کے درختوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے میں مصروف ہےجبکہ اسرائیلی غاصب فوجیوں کی بربریت سے زخمی اور بے ہوش ہونے والے فلسطینیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔