(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر غزہ سے راکٹ حملے کے بعد حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کی جانب سے جاری بیان میں الزام لگایا گیا ہے کہ گذشتہ روز غزہ سے اسرائیل میں راکٹ فائر کئے گئے جس کے بعد صیہونی فوج کے جنگی طیاروں نے کل رات غزہ کی پٹی میں حماس کے چند ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے جبکہ حماس نے غیر قانونی قابض صیہونی ریاست کے خلاف مسلح جدوجہد کا ہر طریقہ بروئے کار لانے کو ملت فلسطین کا مسلمہ حق قرار دیا ہے۔
حماس کی جانب سے جاری مختصر بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ صیہونی دشمن کو ارض مقدس سے نکالنے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا، بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی دشمن کے خلاف مزاحمت قومی فریضہ ہے جو جاری ہے گا۔